اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ وہ صحت مند ہیں اور انہوں نے اپنی جیل کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرنے کے لیے ایک ڈاکٹر آیا تھا۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ اور ان سے آئینی مسودے پر بات چیت کی گئی۔ ہماری طرف سے پیش کیے گئے مسودے کو بانی پی ٹی آئی نے مثبت انداز میں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہو چکا، بلاول بھٹو زرداری
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت جاری رکھیں۔ اور ہم کوشش کریں گے کہ پیر کو بانی پی ٹی آئی سے دوبارہ ملاقات کریں۔
آئینی ترمیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے اتفاق رائے سے آئینی ترمیم کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔ اور اگر حکومت ہمارے بغیر ترمیم پیش کرتی ہے تو پھر اس کی صوابدید ہے۔ ہمیں امید ہے مولانا فضل الرحمان ہمارے موقف کے ساتھ رہیں گے۔