ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے اہم میچ میں بھارت کو شکست دے دی

T 20 Women

شارجہ: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی گریس ہیرس 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ تالیا میک گراتھ اور الیس پیری نے 32، 32 رنز بنائے۔

152 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ویمن ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بناسکی، بھارتی کپتان ہرمن پریت کور 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ دپیتی شرما 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

گروپ اے میں آسٹریلیا اپنے چاروں میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جبکہ اسی گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پیر کو ہونے والے میچ سے ہو گا۔

بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ اگلے ماہ پاکستان میں کھیلا جائے گا

واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہو گا۔ تاہم اگر نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دیتا ہے تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت، نیوزی لینڈ اور پاکستان تینوں کے پوائنٹس 4، 4 ہوجائیں گے۔ جس کا رن ریٹ بہتر ہوگا وہ ٹیم سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گی۔


متعلقہ خبریں