وفاقی حکومت کا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان

اویس لغاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر افسران کے خلاف سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈسکوز کے بورڈز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں جولائی اور اگست کے مہینوں میں لائن لاسز اور بلوں کی وصولی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں موجود چیئرمین اور سی ای اوز نے اپنی اپنی کمپنیز کی صورتحال، اقدامات اور مسائل پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی جانب سے غیر تسلی بخش کارکردگی کی حامل کمپنیوں کی مینجمنٹ پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

دوسری جانب پاور ڈویژن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا۔ جس کے مطابق اویس لغاری نے کہا ہے کہ غیر تسلی بخش کمپنیوں کے افسران کے خلاف سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی اور ریکوریز میں بہتری کے لیے ہر کمپنی کو مزید فعال حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ کمپنیز کے مالی حالات کو بہتر کیا جا سکے۔

مزید برآں وفاقی وزیر نے تمام حکام کو ہدایت کی کہ ہر ماہ کے 10 تاریخ کو جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے۔ تاکہ وزارت توانائی بذات خود ڈسکوز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لے سکے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت آنے والے مہینوں میں ریکوریز میں اضافہ اور لائن لاسز میں واضح کمی نظر آئے گی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں