حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 29 تاریخ کو پاکستان بھر میں دھرنے دیئے جائیں گے۔ پہلے ہم نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اب پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حال دیکھ لیں۔ لیڈر گرفتار ہوا تو پوری پارٹی تقسیم ہے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ون مین آرمی کے تحت پارٹیاں چلائی جائیں جبکہ جماعت اسلامی کے انتخابات ہوتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کی تحریک لے کر چل رہے ہیں۔ ہم حق دو حیدرآباد کی تحریک چلا رہے ہیں اور جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر بھرپور اعتماد اور یقین رکھنا چاہیے، آرمی چیف
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم غزہ کے لوگوں کو نہیں بھول سکتے۔ ایک سال ہو گیا لیکن انہوں نے ہتھیار نہیں ڈالے جبکہ 45 ہزار لوگوں کو شہید کیا گیا۔ جن میں 30 ہزار بچے اور خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ حکمران جو اسرائیل کو قبول کرنے کے لیے مرے جا رہے ہیں۔ وہ فلسطینیوں سے سبق سیکھیں۔ 7 اکتوبر کو آپ لوگ باہر نکل کر کھڑے ہوں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فارم 47 یا 45 کی حکومت ہو بہرحال ہے تو حکومت۔ بات تو کرنی پڑتی ہے۔ سب کے پاس جائیں گے کہیں گے کہ ایک گھنٹہ غزہ کے لوگوں کے لیے نکالیں۔ طلبا و طالبات اپنے تعلیمی اداروں سے باہر نکل کر کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جن حکمرانوں نے ہم سے ناجائز بل لیے۔ وہی حیسکو، سیپکو، فیسکو کو کمپنسیٹ کریں اور یہ مقدمہ پوری طاقت سے لڑیں گے۔