گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 16 دن باقی رہ گئے۔ معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہوا تو پورا ملک بند ہو گا اور پہیہ جام ہڑتال ہو گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ 3 دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے۔ پورا ملک بند اور پہیہ بھی جام ہو گا۔ آئی پی پیز نے 3 بڑے فراڈ کیے۔ پہلا معاہدے غلط ہوئے۔ دوسرا جو بجلی پیدا نہیں ہو رہی اس کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں اور تیسرا جو رقم لی جا رہی ہے اس پر ٹیکس بھی نہیں دیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومتوں نے آئی پی پیز کو تحفظ فراہم کیا۔ یہ لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے۔ ہم قوم کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے کا سوچیئے گا بھی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈٹ جماعت اسلامی کا ہے۔ بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے 2 ماہ کے لیے نہیں پورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے۔