زلزلہ خورد برد کیس، سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا حکم


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 2005 کے زلزلہ خورد برد کیس پر کمیشن بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

منگل کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے زلزلہ متاثرین کے لیے آنے والی امداد میں خورد برد سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج مانسہرہ اور دیگر کمیشن کا ضابطہ کار طے کریں جس کے بعد تحقیقات ہوں گی۔

سماعت کے دورا ن چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ دس سال سے زائد کاعرصہ گزرنے کے بعد زلزلہ متاثرین کے لیے اب تک کتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں، اس سلسلے میں ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (ایرا) کو ملنے والے اربوں روپے کے فنڈز کہاں گئے،  ہمیں بتایا جائے کہ ایرا کا سربراہ کون ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بالا کوٹ میں پانی اور بجلی نہیں ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں نے کسی کو مدد کا کہا ہے وہاں سے بھی مدد ملے گی۔

دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر ظفر آپ نے اربوں روپے کا حساب دینا ہے،  ہمارے حکم پر گاڑیاں واپس کیوں نہیں  دیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔

 


متعلقہ خبریں