پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس مہمان ٹیم نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش کے خلاف پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنالیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوشش کریں گے پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔
دوسرا ٹیسٹ میچ، قومی ٹیسٹ ٹیم کے بارہ رکنی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عبد اللہ شفیق پہلے ہی اوور میں تسکین احمد کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد کپتان شان مسعود کھیلنے کے لئے آئے، انہوں نے صائم ایوب کے ساتھ محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے پاکستانی اسکور کو آگے بڑھایا۔
کھانے کے وقفے تک شان مسعود 53 رنز اور صائم ایوب 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہوا تو شان مسعود 57 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 107 تھا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 123 رنز پر گری، صائم ایوب 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 151 کے مجموعی اسکور پر گری ، سعود شکیل 16 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ بابر اعظم کی گری اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 179 تھا، بابراعظم نے 31 رنز بنائے، محمد رضوان 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کا ساتھ دینے کے لیے سلمان آغا بیٹنگ کیلئے آئے ہیں۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا لیے ہیں۔
ٹا س کے بعد قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے توہم بھی پہلے بالنگ کرتے۔
شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں ابراراحمد کو شامل کیا گیا ہے،شاہین شا ہ اورنسیم شاہ ٹیم کاحصہ نہیں ہیں،میر حمزہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں، ٹیم میں 3فاسٹ بالر اور2اسپنرز شامل ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز گزشتہ روز ہونا تھا لیکن بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہو سکا جو آج دوسرے روز ہوا، پہلا ٹیسٹ میچ بنگلادیش نے جیت رکھا ہے۔