اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی عدالت سے کبھی نواز شریف کو انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سو پیشیاں ہو چکی ہیں مگر انصاف کہیں نظر نہیں آرہا ہے۔
ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب کو خرابی صرف مسلم لیگ(ن) میں نظر آرہی ہے ۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے انتخابی امیدوار قمر الاسلام کو گرفتار کرنا تشویشناک ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہی تحقیق کا خیال آگیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو آدمی دس سال ایم پی اے رہا ہو اسے گرفتار کرنا الیکشن کی توہین ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت اور نیب سے کہا کہ ہمارے انتخابی نمائندے قمر الاسلام رہا کیا جائے تاکہ وہ ہونے والے الیکشن میں حصہ لے سکیں۔
کاغذات نامزدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کی جس کو ریٹرنگ افسر نے غلط سمجھا۔
ایک سوال پر (ن) لیگی رہنما نے واضح کیا کہ کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات کی ویلیو(قیمت) خرید کے وقت کی ظاہر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت بڑھانے کا کسی قانون میں نہیں لکھا گیا ہے لہذا ایسا کوئی بھی قدم آرٹیکل چھ کے زمرے میں آئے گا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات 2018 میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑے جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔