اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کی جانب سے مبارک ثانی کیس پر نظر ثانی کی درخواست منظور کیے جانے پر عدالت عظمیٰ اور پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آج جمعے کو ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 23 اگست کو پورے ملک میں یوم جمعہ کو بطور یوم تشکر منایا جائے گا۔ 7 ستمبر 1974 کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد اور ترمیم کے ذریعے قادیانیوں اور لاہوریوں کو اقلیت قرار دیا تھا۔ پوری قوم 7 ستمبر 2024 کو مینار پاکستان لاہور پر 50 سالہ گولڈن جوبلی منا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو یوم الفتح پر منایا جائے گا۔ اور اس کے اس فیصلے نے گولڈن جوبلی کی اہمیت کو اور دوبالا کر دیا ہے۔ اب پاکستان کے عوام الگ جذبے اور تازہ ترین فاتحانہ تصور کے ساتھ اس میں شریک ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے قابل اعتراض تمام شقوں کو ختم کر دیا۔ دینی جماعتوں نے سپریم کورٹ کو فیصلے سے متعلق قائل کیا۔ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کیخلاف کوئی سازش کر سکے گی نہ ان کی سازش چل سکے گی۔ یہ امت اور پوری قوم کی متفقہ آواز ہے۔ ہم ان کے انسانی حقوق تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن ضروری ہے کہ وہ پاکستان کے آئین اور آئین کے فیصلے کو تسلیم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے عوام کو 2 ماہ کیلئے خیرات نہیں چاہیے، حافظ نعیم الرحمان
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ اگر کوئی اور شہری دنیا کے کسی حصے میں بھی اپنے ملک کے آئین سے بغاوت کرتا ہے اور آئین کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔ تو اس کے شہری اور انسانی حقوق ختم ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس موضوع پر پارلیمنٹ میں بات ہوئی۔ حکومت اور حزب اختلاف بھی ایک پیج پر تھی اور کوئی اختلاف رائے نہیں تھا۔ دینی جماعتیں ہمیشہ اس پر یکجہتی کا اظہار کرتی چلی آئی ہیں اور آج بھی اس کا مظاہرہ کیا۔ کامیابی پر امت مسلمہ ، قوم اور دینی جماعتوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔