خیبرپختونخوا کا بجٹ 28 جون کو پیش کیا جائے گا

خیبر پختونخوا کابینہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے آئندہ چار ماہ کے مجوزہ بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق بجٹ کا حجم ایک کھرب، 98 ارب، 50 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔

ہم نیوز کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بجٹ منظوری کے لیے 28 جون کو نگراں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق اخراجات جاریہ کے لیے ایک کھرب، 45 ارب، 40 کروڑ روپے اورترقیاتی منصوبوں کےلیے 53 ارب، 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

نان سیلری بجٹ کے لیے 61 ارب 60 کروڑ روپے اور ضلعی حکومتوں کے لیے نو ارب 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز سامنے آنے کا امکان ہے۔

بجٹ میں شعبہ صحت کےلیے دو ارب، 79 کروڑ روپے، تعلیم کے لیے تین ارب، 39 کروڑ روپے، اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک ارب، 62 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں دس فیصد اضافے کی تجویزبھی پیش کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا کی گزشتہ حکومت نے بجٹ پیش نہ کرنے کا فیـصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ بجٹ نگراں حکومت پیش کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 16 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن حکومتی اتحادی جماعت اسلامی کی علیحدگی کے بعد پرویز خٹک حکومت نے اعلان پر عملدرآمد کا ارادہ ملتوی کردیا تھا۔

سیاسی مخالفین کا الزام تھا کہ صوبائی اسمبلی کے ایوان میں اکثریت کھو چکنے والی پی ٹی آئی کی حکومت کےلیے بجٹ پیش کرکے اسے منظورکرانا ممکن ہی نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مخالفین کے الزامات کی تسلسل کے ساتھ تردید کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں