صرف پنجاب میں بجلی سستی کیوں، دیگر صوبے پاکستان کا حصہ نہیں؟ مصطفیٰ کمال

مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)ٰ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے صرف پنجاب میں بجلی سستی کیوں، کیا دیگر صوبے پاکستان کا حصہ نہیں؟ صرف پنجاب میں قیمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی ضرورت سے زیادہ ہے، ہم نے سڑک بند کر کے عوام کو تکلیف دینے کے بجائے حکومت کو حل بتایا۔ ہم پورے ملک میں بجلی کی ایک جیسی قیمت چاہتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بجائے پریس کانفرنس وزیر اعظم کو پورے ملک کے لیے کرنی چاہیے تھی۔ ریلیف صرف پنجاب کے لیے، باقی صوبے پاکستان کا حصہ نہیں ہیں؟ اُمید ہے وزیرِ اعظم پورے ملک کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کریں گے۔

بجلی کمپنیوں کی صارفین سے 46 ارب 99 کروڑ روپے نکلوانے کی تیاری

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بجلی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔ اس سال 1700 ارب روپے صرف نقصانات کو پورا کرنے کے لیے رکھے گئے۔ صنعتکار کہتے ہیں کہ 6 سے 9 سینٹ میں بجلی دیں، اس وقت 16 سینٹ میں پڑ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا پاکستان کے بجٹ میں 65 سے 70 فیصد سے زیادہ کا حصہ ہے۔ ہم صرف کراچی کی ملک کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کی بات کر رہے ہیں، ملک میں بجلی کی قیمت میں 20 روپے فی یونٹ کمی ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں