اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، بالائی سندھ سمیت بیشتر مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی شام یا رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق،8 زخمی
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ بھی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، گولیمار، اولڈ سٹی ایریا، صدر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، مشرقی سندھ، بالائی خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔
جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، واسا راولپنڈی ہائی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ
اس دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں 113 ملی میٹر، راولپنڈی 102 ملی میٹر، نارووال 36، لاہور 27، سیالکوٹ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گلگت بلتستان میں بادل خوب جم کر برسے، ضلع استور میں گزشتہ رات ہونے والی موسلاد ھار بارش کے باعث اس وقت سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ استور کے علاقہ کشمت میں سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے ہیں۔