بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق،8 زخمی

بارشوں کے دوران

بارشوں سے ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جبکہ بڑا جانی و مالی نقصان بھی ہوا ہے۔

گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے زیارت میں بارشوں کے بعد 3 یونین کونسلیں زندرہ، کواس اور منڑہ سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں، منڑہ ڈیم سیلاب سے 3 سکول، ایک بیسک ہیلتھ سینٹر بھی تباہ ہو گیا۔

مسلم باغ میں متاثرہ قومی شاہراہ این 50 پر ٹریفک کی جزوی آمد و رفت بحال کردی گئی جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 50 زیارت اور کوئٹہ شاہراہ کئی مقامات پر بہہ جانے سے ٹریفک بدستور متاثر ہے۔

ادھر صحبت پور کی مانجھوٹی شاخ اور شاہی کینال کے شگافوں کو 6 دن گزرنے کے بعد بھی پر نہ کیا جا سکا، شگاف سے نصیر کھوسہ، مولوی قادربخش اور علی آباد سمیت درجنوں دیہات زیرآب آ گئے ہیں۔ کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، کچے کے علاقوں میں پانی داخل ہونے سے فصلیں زیر آب آگئیں ہیں۔

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، واسا راولپنڈی ہائی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ندی نالوں میں طغیانی اور دریاں میں سیلابی صورتحال تھم گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 10 رابطہ پلوں اور 75 مکانات کو شدید نقصان پہنچا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران اب تک 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوئے۔ بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے رپورٹ جاری کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے علاوہ مختلف حادثات میں 7 بچوں سمیت8افرادزخمی بھی ہوئے۔

اس میں بتایا گیا کہ سیلابی ریلوں کے باعث 15 گھر مکمل تباہ جب کہ 34گھروں کوجزوی نقصان پہنچا، اس دوران طوفانی بارشوں سے 62 ایکڑ زرعی زمین اور 12 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث 5 پلوں کو نقصان پہنچا، آسمانی بجلی گرنے اور مختلف واقعات میں 82 مویشی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، شدید بارشوں سے متاثرہ 4 اضلاع میں حکومت بلوچستان نے ایمرجنسی نافذکردی ہے۔


متعلقہ خبریں