ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد مارے گئے، 3 جوان شہید

Ispr

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والوں میں حوالدار انعام گل، سپاہی محمد عمران اور الطاف خان شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی میں 4 خوارج بھی مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شہید ہونے والے جوانوں میں 37 سالہ حوالدار انعام گل کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔ جنہوں نے پاک فوج میں 15 سال 6 ماہ تک دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں۔ حوالدار انعام گل شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 9مئی واقعات میں دشمن انٹیلیجنس ایجنسیز کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں، رانا ثنااللہ

سپاہی محمد عمران شہید کی عمر 29 برس اور ان کا رہائشی تعلق ضلع ٹانک سے ہے۔ شہید نے پاک فوج میں 9 سال تک دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں۔ سپاہی محمد عمران شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

سپاہی محمد الطاف خان شہید کی عمر 22 سال اور تعلق ضلع مردان سے ہے۔ انہوں نے 2 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ سپاہی محمد الطاف خان شہید کے سوگواران میں والدین اور ایک بہن شامل ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں