اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات میں دشمن انٹیلیجنس ایجنسیز ملوث تھیں۔ جس کے ثبوت موجود ہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست مخالف کی رائے کا احترام کرنے کا نام ہے۔ ہمارا عدالتی نظام کسی کو سزا دینے کے قابل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات سے متعلق کسی کو بھول ہے کہ کس نے کیے ہیں تو سب کو نظر آ رہا ہے۔ 9 مئی واقعات کس نے کیے ہیں۔ مجرم آپ کے سامنے ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انگلینڈ میں 3 دن میں سزائیں دی گئیں اور یہاں 30 دن میں وکیل پیش نہیں ہوتا۔ فرق دیکھنا چاہیے کہ کون سسٹم درست کرنا چاہتا ہے کون خراب کر کے ملک کا بھٹہ بٹھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات میں دشمن انٹیلی جنس ایجنسیز ملوث تھیں جس کے ثبوت ہیں۔ اب سپریم کورٹ نے سب کرنا ہے اور تحقیقات بھی انہوں نے کرنی ہیں۔ آئین میں ترمیم سپریم کورٹ نے کرنی ہے تو فوجی عدالتوں کا بھی فیصلہ کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ چند ہفتوں میں عوام خوشخبری سنے گی ، وزیر توانائی
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے انہیں بری کرنا ہے تو کر دیں۔ ہم بالکل بے بس نہیں اور اپنے حصے کا کام کرنے کو تیار ہیں۔ عدلیہ اور اداروں کو اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے۔ یہاں کوئی اپنے حصے کا کام کرنے کو تیار نہیں لیکن دوسرے کا کام کرنے کو ہر کوئی تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے تینوں ستون اپنے کام کی حد تک محدود کرلیں تو مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔