دبئی میں گرمیوں کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے روزانہ کام کے اوقات کم کرنے کے ساتھ ساتھ ہفتے میں 4 روز کام کے منصوبے پر آزمائشی طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 15 سرکاری اداروں میں 12 اگست سے 30 ستمبر تک جمعے سے اتوار ہفتہ وار چھٹی ہو گی اور کام کا روزانہ دورانیہ 7 گھنٹے تک محدود کردیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی کے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ منصوبہ پائلٹ اسکیم کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملازمین کا معیار زندگی اور کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ چھٹیوں کے منصوبے کی نگرانی کرے گا اور حتمی تجاویز پر مشتمل فیڈبیک دیا جائے گا تاکہ پائلٹ اسکیم کو مستقبل میں گرمیوں کے دوران طویل مدتی منصوبے کے طور پر لاگو کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: لیبر قانون میں ترامیم، کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کریں گی، سعودی عرب
خیال رہے کہ اس سے قبل 2022 میں شارجہ نے ہفتے میں 4 دن کام کا نظام متعارف کروایا تھا۔ برطانیہ میں بھی 2022 میں ہفتے میں 4 دن کام کی وسیع پیمانے پر آزمائش کی گئی تھی اور اس کے بعد 61 کمپنیوں نے اس پالیسی کو جاری رکھا تھا۔
دبئی کے حکمران اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے دبئی کو دنیا کا بہترین شہر بنانے کے لیے منصوبہ بنایا تھا۔ رواں برس مئی میں دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد نے کوالٹی آف لائف اسٹریٹجی متعارف کروائی تھی۔