ملک بھر میں جلسے کریں،کوئی لڑائی نہ کی جائے، بانی پی ٹی آئی کی وزیر اعلیٰ کے پی کو ہدایت

ali ameen khan gandapur

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں جلسے کریں لیکن کوئی لڑائی نہ کی جائے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی کہ جلسوں اور ریلیوں کی اجازت لی جائے اور کوئی غیر قانونی کام نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں۔ ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ ہمیں واپس دیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قید میں رہنے سے کوئی پریشانی نہیں۔ مختلف موضوعات پر کتابیں پڑھ رہا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو بھی کتابیں بھیجنے کا کہا۔

یہ بھی پڑھیں: اپنے ہی ملک پر حملہ کرنے کو دہشت گردی کہتے ہیں غلطی نہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک بھر میں کامیاب جلسے کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے گڈ گورننس، بدعنوانی سے متعلق شکایات پر بانی پی ٹی آئی کو خود کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایسی کمیٹی بنائی جائے جو آزادانہ شفاف تحقیقات کرے۔ کمیٹی اراکین کے نام بھی آپ ہی تجویزکریں۔

ذرائع کے مطابق معاون خصوصی اینٹی کرپشن مصدق عباسی کا نام کمیٹی میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر شامل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں