راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے اثاثے منجمد کیے جائیں۔ معیشت کو برباد کرنے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہو گا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم مارچ کریں گے تو لاکھوں نوجوان ساتھ ہوں گے۔ رکاوٹوں کو کیسے ہٹانا ہے یہ فیصلہ ہم کریں گے۔ حکومت کی بھول ہے ہم تھکنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ ہماری تاجروں سے مشاورت جاری ہے اور تاریخی ملک گیر ہڑتال بھی کریں گے۔ پورے پاکستان کی شاہراہوں کو بند کریں گے۔ ہوسکتا ہے 14 اگست کے بعد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایجنٹوں کو ہم بل جمع نہ کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: دو ٹوک بات ہے عوام کو سہولت ملے، لیاقت بلوچ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت حالات کی سنگینی کو اچھی طرح سمجھ لے اور حکمرانوں کو بنگلہ دیش سے سبق سیکھنا چاہیئے۔ ہم نہیں چاہتے کہ حالات اس طرف جائیں۔ حسینہ واجد کو ایئر لفٹ کر کے روانہ کر دیا گیا۔ یہ نہ ہو تمہیں کوئی ایئرلفٹ اور نہ راستہ ملے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت لاگت کے مطابق ہونی چاہیئے۔ بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز ختم کئے جائیں۔ واضح کہتا ہوں اگر بجلی کے بل کم نہ ہوئے تو دھرنا ختم نہیں ہو گا اور خالی باتوں سے کچھ نہیں ہوگا ہمیں نوٹیفکیشن چاہیئے۔ ہم افراتفری پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فری پٹرول کی مراعات کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا ہے۔ کوئی بھی سرکاری گاڑی 1300 سی سی زائد نہیں ہونی چاہیئے۔ یہ عوامی عدالت کا فیصلہ ہے اور کسی کو 1300 سی سی سے زائد گاڑی استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔