ہم ٹی وی کے نئے ڈرامے ’’من جوگی ‘‘نے اپنی پہلی قسط کے آن ائیر جانے کے ساتھ ہی عوام کے درمیان اپنی جگہ بنالی۔ کہانی کی حساسیت ‘ کرداروں کی منجھی ہوئی اداکاری اور بھرپور عکاسی نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
من جوگی کی پروڈکشن صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی کے زیر نگرانی عمل میں آئی ہے جن کے کام کا ایک دنیا میں شہرہ ہے یہی وجہ ہے کہ جب یہ بات منظر عام پر آئی کہ سلطانہ صدیقی ’’من جوگی‘‘ پیش کررہی ہیں اسی وقت سے لوگ اس ڈرامے کو دیکھنے کے مشتاق نظر آنے لگے‘انہیں اس بات کا یقین تھا کہ سلطانہ صدیقی کا پروجیکٹ حسب روایت نہ صرف دلچسپ‘ بھرپور بلکہ اصلاحی ہوگا اور اس کے ذریعے معاشرے کے کسی نہ کسی اہم مسئلے کو ہی اجاگر کیا گیا ہوگا۔ گزشتہ رات ڈرامہ آن ائیر جانے کے بعد عوامی توقعات کے عین مطابق ڈرامے نے دیگر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ ڈرامہ تحریر کیا ہے ظفر معراج نے جنہیں اچھا لکھنے میں ملکہ حاصل ہے جب کہ ہدایت کار ہیں کاشف نثار جنہیں اپنے کام پر انتہائی عبور حاصل ہے‘ ان کا نام جس پراجیکٹ کے ساتھ جڑ جائے اسے کامیاب پراجیکٹ قرار دے دیاجاتا ہے ۔
ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں بلال عباس خان‘ سبینہ فاروق ‘ مرزا گوہر رشید ‘اسما عباس اور ٹیپو شریف سمیت دیگر شامل ہیں۔ عشق مرشد میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت عوام کے دل و دماغ پر چھا جانے والے بلال عباس اور سبینہ فاروق پہلی بار کسی ڈرامہ سیریل میں ایک ساتھ جلوہ گرہوئے ہیں اور عوام نے دونوں کی ہی اداکاری کو بے حد سراہا ہے۔
ڈرامے میں گوہر رشید سبینہ فاروق کے شوہر کے غصیلے روپ میں اپنے کردار سے حق ادا کرتے نظر آئے۔ پہلی قسط دیکھنے والے اور ڈرامے کو سمجھنے والے شائقین کی رائے میں یہ ایک ایسا ڈرامہ ہے جسے گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جانا چاہئے اور اس ڈرامے کے خطوط پر کام کرتے ہوئے معاشرتی رویوں میں سدھار لایا جانا چاہئے ۔
یاد رہے کہ ہم ٹی وی نے ماضی میں بھی حساس موضوعات بشمول اڈاری‘ ڈر سی جاتی ہے صلہ‘ کتنی گرہیں اب باقی ہیں اور پیار کے صدقے کو پیش کرکے لوگوں کو سوچنے کیلئے راہیں فراہم کیں۔ اس وقت بھی ہم ٹی وی ’’زرد پتوں کے بن ‘‘کے ذریعے عوامی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ ہم ٹی وی کے ڈراموں کی انفرادیت یہی ہے کہ یہ صرف تفریح فراہم نہیں کرتا بلکہ تربیت کا عمل بھی جاری رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس چینل سے پیش کئے جانے والے ڈرامہ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر بھی انتہائی مقبولیت کے حامل ہیں۔
ہم نیٹ ورک کی صدر اور مشہور و معروف پروڈیوسرسلطانہ صدیقی قبل ازیں ہم نیٹ ورک سے زندگی گلزار ہے جیسا بلاک بسٹر ڈرامہ پیش کرچکی ہیں اور ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ اپنے ناظرین کے سامنے کچھ ایسا پیش کریں جو نہ صرف ان کی تفریح بلکہ تربیت کا بھی باعث ہو‘ وہ متلاشی تھیں کسی ایسے اسکرپٹ کی جس کے ذریعے وہ عوام تک معاشرے کی غلط روایت کو اجاگر کرتے ہوئے اصلاح کی بات کریں ‘ ان کی تلاش ’’من جوگی ‘‘پر آکر ختم ہوئی ۔ من جوگی میں محبت کی اصلاحی قوت‘ تبدیلی کی طاقت‘ذاتی عرفان‘ شناخت اور دریافت کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ ایک ایسا ڈرامہ ہے جو معاشرے کے مردوں کے عمومی رویئے کو اجاگر کرتا ہے ‘ ایک ایسا مرد جو اپنے غصے کو جائز سمجھتے ہوئے بے شمار ناجائز کام کرتا ہے اور پھر اس کے نتائج بھگتنے پر آمادہ نظر نہیں آتا‘ یہ کہانی ہے ایک ایسی عورت کی جس کی ساری زندگی اس خوف کے حصار میں رہتی ہے کہ اس کا شوہر اپنے غصے کے نتیجے میں اس کی زندگی میں کون سا سیاہ باب رقم کردے گا۔ یہ داستان ہے ان لوگوں کی جو مذہبی معاملات کا رخ اپنی سمجھ کے مطابق موڑنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔
یہ ڈرامہ ان لوگوں کی بات کررہا ہے جو صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہہ سکتے ہیں۔من جوگی کے ذریعے سلطانہ صدیقی نے ایک ہنر مند عورت کی معاشرے میں اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے ‘ ڈرامے میں عورت کو مثبت انداز میں مرد کی نسبت زیادہ باہمت اور حساس دکھاتے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ جب عورت پر کوئی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تو وہ اسے بھرپور انداز میں کامیابی سے ادا کرنے کی اہل ہے۔ یہ ہی نہیں بلکہ ڈرامے کی ہر قسط دیکھنے والوں کو کچھ نہ کچھ سوچنے پر مجبور کردے گی۔اچھا ڈرامہ دیکھنے والے کہانی کی اٹھان کو سمجھتے ہوئے اس کے بتدریج بڑھنے کے عمل کو سمجھیں گے اور جیسے جیسے ڈرامے کی کہانی آگے بڑھے گی ویسے ویسے لوگوں اس سے بندھتے نظر آئیں گے۔
اُمید کے عین مطابق ’’من جوگی ‘‘ مین اسٹریم پر چھاگیا اور ڈرامہ شائقین نے اسے بہترین ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔