لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز لائف سپورٹ سے چل رہی ہیں، پروپیگنڈا کرنے والے جانیں اور اُن کا کام۔
سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے لندن میں ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ کلثوم نواز ابھی تک ہوش میں نہیں آئیں، کلثوم نواز کو گزشتہ دو دن سے انفیکشن اور بخار بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کی حالت تسلی بخش نہیں اور میرے بھی کچھ فرائض ہیں، میں انہیں ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں، دُعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مشکل گھڑی سے نکالے۔
صحافی نے نواز شریف کو اُن کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوئی سیاسی بیان دیں تو نواز شریف نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کلثوم نواز کس حالت میں ہیں، آپ بس دُعا کریں۔
بیگم کلثوم نواز کو 15 جون کو دل کا دورہ پڑنے اور طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث وینٹی لیٹر پر شفٹ کردیا گیا تھا اور وہ اب بھی وینٹی لیٹرکے سہارے سانس لے رہی ہیں جس کی وجہ سے نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہی موجود ہیں۔