محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہوا چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کاامکان ہے، رات کو چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب میں طوفانی بارشوں سے 24 افراد جاں بحق ، 80 زخمی
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ژوب، بارکھان،موسیٰ خیل،لورالائی، شیرانی،کوہلو، جھل مگسی، خضدار اورلسبیلہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، گھوٹکی اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 8 اور 9 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔
نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ : حالیہ خرابی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت مدِنظر رکھ کر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ رکھیں۔
ترجمان کے مطابق خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے کہا کہ دریائوں، ندی اور نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کریں، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 8 اور 9 محرم کو ریسکیو ادارے خاص طور پر الرٹ رہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے ہم نیوز کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے چار دن ملک میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کر دی، ان کا کہنا تھا کہ 18 سے 21 جولائی تک ملک بھرمیں تیز بارش کا اسپیل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مون سون سیزن میں بارش کا ہروقت امکا ن رہتاہے،آئندہ 24 گھنٹے کے دوران تیز بارش کا اسپیل نہیں، 18 سے 20 جولائی تک پنجاب بھر میں بارش کا تیز اسپیل ہوگا، اسی دوران کراچی، تھرپارکر اور مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
فیض آباد دھرنے کا تیسرا روز، پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 19 جولائی کوکراچی میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے،خیبرپختونخوا میں بھی تیز بارش کا اسپیل موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے اکثر بالائی علاقوں میں آج بھی بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان بھی تیز بارش کی زد میں آئے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشیں ہوں گی۔
دوسری جانب بلوچستان میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کے حوالے سے 17اضلاع کو ہائی الرٹ قرار دے کر انتظامیہ کو ریڈ الرٹ کردیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔
مون سون بارشوں کے حوالے سے ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا ہے، تمام محکموں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ہائی الرٹ کیے گئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے اپنے علاقوں کے محفوظ مقامات کی لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے مزید بتایا کہ نصیر آباد ڈویژن کے اضلاع ہرنائی کے سیلابی پانی جب کہ ژوب اور شیرانی کے علاقے فلش فلڈ سے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی این جی اوز کو بھی مون سون کی بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔