انتخابات 2018: شیخ رشید نے موٹرسائیکل پر انتخابی مہم کا آغاز کردیا

شیخ رشید نے موٹر سائیکل پر انتخابی مہم کا آغاز کردیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز پیرسے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں اورانتخابی امیدواروں کو پیچھے چھوڑدیا ۔ انہوں نے آج (بروز اتوار) سے اپنی انتخابی مہم کا آغازکردیا ہے۔

2018 کے عام انتخابات میں شرکت کی خواہش مند سیاسی جماعتوں نے اپنے انتخابی امیدواران اورکارکنان کو پیر کے دن کے لیے شیڈول جاری کردیے ہیں۔

قلم دوات کے انتخابی نشان پہ انتخابات میں حصہ لینے والے شیخ رشید احمد تعطیل کے دن عوامی سواری پر موٹرسائیکل پراین اے 60 اور این اے 62 میں پہنچ گئے۔ انہوں نے عوامی انداز میں حلقے کے عوام سے ان کو درپیش مسائل پر گفت و شنید کی ۔

شیخ رشید نے انتخابی مہم کے آغاز پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ آمروں کے خلاف سب سے پہلے ہم نکلے اورعوامی مسلم لیگ نے نوازشریف کو گھر بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری نثار تمام آزاد امیدواروں کے لیڈر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمیں الیکشن کی طرف بڑھنا ہے۔

شیخ رشید احمد کا این اے 60 پر انتخابی مقابلہ پی ایم ایل (ن) کے امیدوار حنیف عباسی سے ہوگا۔ این اے 62 پر ان کے مدمقابل بیرسٹر دانیال چودھری ہوں گے جو سینیٹر تنویر چودھری کے بیٹے ہیں۔

شیخ رشید احمد کے مدمقابل پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار انتخابی میدان میں نہیں اتارے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ان دونوں نشستوں پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی حمایت کررہی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی آج بڈھ بیر میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز میانوالی میں جلسے سے کیا جائے گا جہاں چیئرمین عمران خان سمیت دیگر پارٹی قائدین کارکنان سے خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) 25 جون سے کراچی سے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس مقصد کے لیے پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر اورسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔


متعلقہ خبریں