روجھان میں اشتہاری ڈاکوؤں کی واپسی


راجن پور: جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان میں اشتہاری ڈاکوؤں نے تین افراد اور 60 بھینسوں کو اغوا کرلیا ہے جن کی رہائی کے لیے مقامی لوگ مذاکرات کر رہے ہیں۔

مقامی افراد جانوروں کو لے کر کچے کے علاقے  سے گزر رہے تھے کہ پہلے سے تاک میں بیٹھے ڈاکو انہیں اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق اغوا کا واقعہ تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود میں پیش آیا اور مغویوں کا تعلق ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان سے ہے۔

راجن پور کے کچے کے علاقے میں واقع دس کلومیٹر طویل جزیرے پر 2016 میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس میں فوج، رینجرز اور پولیس نے حصہ لیا تھا۔

تین ہفتوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں اغوا کیے گئے 24 پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرایا گیا تھا اور سات پولیس اہلکار جاں بحق بھی ہوئے تھے۔ چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول نے 12ساتھیوں سمیت غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیے تھے۔

اس کارروائی کے بعد مقامی آبادی نے ڈاکوؤں خصوصا اشتہاری جرائم پیشہ عناصر سے آزادی محسوس کی تھی تاہم حالیہ کارروائی کو اشتہاری ڈاکوؤں کی واپسی سے تعبیر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں