بھارت دوسری بار ٹی 20ورلڈ کپ چیمپئن بن گیا


ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 177 رنز کا ہدف دیا جسے حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 169 رنز بنا سکی۔

ایک موقع پر پروٹیاز کو جیت کے لیے 30 گیندوں پر 30 رنز درکار تھے تاہم جنوبی افریقن ٹیم ایک بار پھر چوک کر گئی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ابتدائی دو وکٹیں 12 رنز تک گر گئیں، ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم 4، 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہینڈرکس کو جسپریت بومرا اور ایڈن مارکرم کو آؤٹ کیا۔

تیسری وکٹ پر ٹرٹن اسٹبز اور کوئنٹن ڈی کوک کے درمیان 58 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ اسٹبز 21 گیندوں پر 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انہیں اکشر پٹیل نے آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کو چوتھا نقصان کوئنٹن ڈی کوک کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کوک ارشدیپ سنگھ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔

اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ہینرک کلاسین اور ڈیوڈ ملر نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ تاہم 27 گیندوں پر 52 رنز بنانے والے 151 کے مجموعے پر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد جسپریت بومرا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کا جیت کا خواب چنکا چور کردیا، اپنے اختتامی دو اوورز میں صرف 5 رنز دے کر بھارت کی میچ میں واپسی کروادی۔

جنوبی افریقہ کو آخری اوور میں جیت کےلیے 17 رنز درکار تھے، لیکن جنوبی افریقی ٹیم فنشنگ لائنز عبور نہ کرسکی۔

ویرات کوہلی کا ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اس سے پہلے فائنل مقابلے میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے تجربہ کار جوڑی ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما نے جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی دو اوورز میں 23 رنز بنائے لیکن روہت شرما اور ان فارم رشبھ پنت کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں۔

روہت شرما 9 جبکہ ریشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کو کیشو مہاراج نے آوٹ کیا۔ 34 کے مجموعے پر نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹر سوریا کمار یادیو کو کگیسو رباڈا نے چلتا کیا۔ سوریاکمار نے 3 رنز بنائے۔

اس کے بعد اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کے درمیان 54 گیندوں پر 72 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بھارت کی فائٹنگ ٹوٹل کی جانب پیش قدمی کو یقینی بنایا۔

اکشر پٹیل 106 کے مجموعے پر 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔

شیوم ڈوبے کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت کے دوران کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ویرات کوہلی 19ویں اوور میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کے اینریچ نوکیا اورکیشو مہاراج نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی جنوبی افریقہ کے خلاف اچھا اسکور کریں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے ٹورنامنٹ میں اچھاکھیل پیش کیا، ان کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے ایک ہی پیغام ہے تحمل کا مظاہرہ کریں اور اچھا کھیل پیش کریں، بارباڈوس میں ایک میچ کھیل چکےہیں پچ کا کافی حد تک اندازہ ہے۔

اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ایڈم مارکرم کا کہنا تھاکہ  کوشش ہوگی بھارت کو کم اسکور تک محدود کریں۔


متعلقہ خبریں