ماسکو: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 کچھ چہروں پر فتح کی مسکراہٹیں اور کچھ پر شکست کا غم پھیلاتے آگے بڑھ رہا ہے۔ 32 ممالک ’فاتح فٹبال‘ کا سہرا سجانے کی تگ و دو میں ہیں، اس صورتحال میں کچھ کھلاڑی ایسے بھی ہیں جن کی زندگی ہی کامیابی کی روداد کہی جا سکتی ہے۔
فٹ بال کی دنیا پر راج کرنے والا کرسٹیانو رونالڈو ایسے کھلاڑیوں میں سرفہرست کہے جا سکتے ہیں۔ پانچ فروری 1985 کو پرتگال میں پیدا ہونے والے اسٹار کھلاڑی دو بہنوں اور ایک بھائی پر مشتمل گھرانے کا حصہ ہیں۔ رونالڈو کی ماں باورچی اور والد پیشہ کے لحاظ سے ایک مالی تھے۔
18 سال کی عمر میں مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کو جوائن کرنے والے رونالڈو نے میدان میں آتے ہی تہلکہ مچا دیا۔ وہ مانچسٹر کو مسلسل تین لیگز جتوا کر کلب کے اہم کھلاڑی بن گئے۔
151 میچوں میں 84 گول کرنے والے پرتگال کے نمبرون کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے قومی فٹبال ٹیم کی طرف سے اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا پہلا گول یورو کپ 2004 میں کیا۔
2009 میں ریال میڈرڈ نے کرسٹیانو رونالڈو کو آٹھ کروڑ پاونڈز میں خرید لیا۔ 2016 میں ان ہی کی سربراہی میں پرتگال کی ٹیم نے یورو کپ جیتا۔
2018 کے فیفا ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں 91ویں ہیٹ ٹرک کرکے رونالڈو نے پرستاروں کے دل جیت لیے۔
لیونل میسی:
تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھنے والے لیونل میسی 24 جون 1987 کو ارجنٹائن میں پیدا ہوئے۔ میسی کا باپ ایک اسٹیل فیکٹری میں مینیجر اور ماں ایک ورکشاپ میں کام کرتی تھی۔
فٹ بال کے خطرناک کھلاڑی میسی ارجنٹائن کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور مسلسل محنت سے خود کو دنیا کے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں لا کھڑا کیا۔
گیارہ سال کی عمر میں ہارمون کی کمی کی تشخیص کے بعد میسی علاج کے لیے اسپین منتقل ہوئے۔ بعد ازاں مقامی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا سے معاہدہ کیا۔
لیونل میسی نے ایف سی بارسلونا کے لیے اٹھ لالیگا، چار یوای ایف اے، چار کوپا ڈیل رے، اور چھ اسپینش سپر کپ ٹرافیز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ارجنٹائن اور پرتگال کے یہ عظیم کھلاڑی اپنی ٹیموں کو ورلڈ کپ ٹرافی جتوا سکیں گے یا نہیں تاہم یہ طے ہے کہ دنیائے فٹ بال میں دونوں کھلاڑی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔