لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیشنل سلیکشن کمیٹی دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ کا آج اعلان کرے گی۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے 18 رکنی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بیٹر عثمان خان کو مزید موقع دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ محمد رضوان پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور وہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
منتخب اسکواڈ کا مختصر تربیتی کیمپ لاہور میں لگایا جائے گا اور 3 روزہ تربیتی کیمپ 4 مئی سے لاہور میں شروع ہو گا۔ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر توجہ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛بھارت کےتمام میچز ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز
قومی کرکٹ ٹیم 7 مئی کو غیرملکی دورے پر روانہ ہو گی۔ آئرلینڈ کے خلاف قومی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 10 مئی، دوسرا 12 مئی اور تیسرا میچ 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آئر لینڈ سے سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گی۔ قومی ٹیم کا انگلینڈ کے ساتھ پہلا میچ 22 مئی، دوسرا 25 مئی، تیسرا 28 مئی اور چوتھا 30 مئی کو ہو گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف میچز کے بعد متوقع ہے۔