تحریک انصاف نے سکندر حیات بوسن کو ٹکٹ جاری کر دیا


اسلام آباد: تحریک انصاف کے  پارلیمانی بورڈ نے سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے جبکہ دیگر امیدواروں کے ناموں کا اعلان دو روز بعد کیا جائے گا۔

تحریک انصاف نے فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا جبکہ سکندر بوسن  کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سکندر حیات بوسن کے قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 سے انتخاب لڑنے کے امکانات ہیں۔

تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پارلیمانی بورڈ  نے  منگل کے روز  جنوبی پنجاب کے تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا اعلان دو روز میں کر دیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے تین جون کو ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سکندر بوسن کو ٹکٹ جاری کیا  گیا  تو وہ اس کی شدید مخالفت کریں گے۔

سکندر حیات بوسن کی تحریک انصاف میں شمولیت اور عام انتخابات کا ٹکٹ دینے کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی مہم چل رہی ہے۔

سکندر  حیات بوسن 2002 کے عام انتخابات میں ملتان کے اس حلقے ( موجودہ 154 اور سابقہ 151 ) سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار احمد مجتبیٰ گیلانی کو تین ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

سکندر حیات بوسن نے 2013 میں مسلم لیگ نون کے پلیٹ فارم سے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سید عبدالقادر گیلانی کو شکست دی تھی، سکندر حیات بوسن نے 96 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ سید عبدالقادر گیلانی 57 ہزار ووٹ لے سکے تھے۔

سکندر حیات بوسن 2013 کے عام انتخابات سے قبل بھی تحریک انصاف کا ہی حصہ تھے اور انتخابات سے ایک ماہ قبل مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرلی تھی، مسلم لیگ نون کی جانب سے سکندر بوسن کو وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کا عہدہ بھی دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں