ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی


ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ 15 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، آج بھی ملک کے مختلف حصوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، یہ سسٹم آج سے ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو جائے گا۔

آج سے کراچی میں آندھی کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے، یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 اور 14 اپریل کو سکھر، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔اس دوران کراچی اور حیدر آباد میں بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

نوشکی میں نامعلوم افراد نے 9 مسافروں سمیت 11 افراد قتل کر دیا

لاہور اور بہاولنگر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مزید بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، پشاور،چترال، دیر،سوات، ہزارہ، صوابی، مردان، کوہاٹ اورڈی آئی خان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

بہاولنگر واقعہ، تحقیقات کیلئے جوائنٹ انکوائری ٹیم تشکیل

چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔

پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبے میں بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی، مغربی ہوائیں 14 اپریل اتوار تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔اس کے نتیجے میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ڑوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں، چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں