پاکستان میں مہنگائی 50 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

inflation in pakistan

اسلام آباد: عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی کی شرح 50 سال کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مہنگائی 1974 کے بعد سب سے زیادہ رہی۔

عالمی بینک نے پاکستان میں مہنگائی  بڑھنے کی بڑی وجہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے پیداواری لاگت میں اضافہ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں شہری علاقوں میں توانائی کی مہنگائی 50 فیصد سے بڑھ گئی اور توانائی کی افراط زر 50.6 فیصد رہی جو گذشتہ سال اسی عرصے میں 40.6 فیصد تھی۔

رواں مالی سال کے پہلی ششماہی میں اوسط مہنگائی 28.8 فیصد رہی جو گذشتہ سال اسی عرصے میں 25 فیصد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز کی قیمتیں مزید کم، نئی قیمتیں سامنے آ گئیں

روپے کی قدر میں استحکام، مقامی سطح پر فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ میں کمی کے باوجود پاکستان میں مہنگائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال 24-2023 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے جو گذشتہ مالی سال 29.2 فیصد تھی تاہم آئندہ مالی سال 25-2024 میں اوسط مہنگائی 15 فیصد اور مالی سال26-2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہوکر 11.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں