خیبر پختونخوا میں بارشوں سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی جبکہ کئی گھر منہدم ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بارش ، برفباری اور ژالہ باری کے باعث پشاور، بنوں، شانگلہ اور باجوڑ میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات ہوئے۔ بشام میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں پہاڑی تودہ گر گیا۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش
شانگلہ کی تحصيل الپوری لیلونی بانڈہ چینہ کے مقام پر اعتبار خان نامی شخص کے گھر کا ایک کمرہ تیز بارش کی وجہ سے گر گیا، جس میں ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔
باجوڑ کے گاؤں خڑیان تحصیل ناواگئ میں کمرے کی چھت گرنے سے ادریس نامی شہری کی اہلیہ اور بیٹی دم توڑ گئیں جبکہ بیٹا زخمی ہو گیا۔
خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارشیں، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
دوسری جانب پیسکو کے تمام فیڈرز ٹرپ کر جانے سے پشاور شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔ 24 گھنٹوں سے معطل بجلی ہونے کی وجہ سے شہریوں نے سحری بھی اندھیرے میں تیار کی، طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے یو پی ایس سمیت دیگر متبادل انتظامات بھی بند ہو گئے۔