ماہرہ سے قبل کرینہ کو پاکستانی فلم کی آفر کی گئی تھی، ہارون شاہد کا انکشاف


فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ماہرہ خان سے قبل بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو پاکستانی فلم ورنہ میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔

حال ہی میں پاکستانی اداکار ہارون شاہد نے نجی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی اور ماہرہ خان کی فلم ورنہ سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف کیا۔

ہارون شاہد نے کہا کہ فلم ورنہ کا مرکزی کردار ابتدائی طور پر معروف بھارتی اداکارہ کرینہ کپور خان کو آفر کیا گیا تھا لیکن وہ یہ آفر قبول نہیں کرسکیں کیونکہ وہ اس وقت حاملہ تھیں۔

اداکار نے کہا کہ جب ہدایتکار شعیب منصور نے بتایا کہ کرینہ کپور فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی تو میں بہت خوش ہوگیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرینہ کپور کے انکار کے بعد ہدایتکار شعیب منصور نے ماہرہ خان کو فلم ورنہ کے مرکزی کردار کی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کہ شو مین پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ورنہ کے رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر شعیب منصور تھے جو اس سے قبل خدا کے لیے اور بول جیسی سپرہٹ فلمیں شائقین کے لیے پیش کر چکے تھے۔

سال 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ورنہ میں ماہرہ خان اور ہارون شاہد نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جبکہ فلم کی کہانی پاکستانی خواتین کے سماجی مسائل اور حقوق کی پامالی پر مبنی تھی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2016 میں کرینہ کپور نے ایسی تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ کسی بھی پاکستانی فلم میں کام نہیں کر رہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں