چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر کے چوتھے پروگرام کا بیجنگ میں آغاز


بیجنگ (عمیر رانا) چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن (سی پی ڈی اے) کے تحت چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر (سیآئی پی سی سی) کا چوتھا پروگرام بیجنگ میں شروع ہوگیا۔

دنیا بھر کے ممالک بالخصوص ترقی پذیر ممالک کے صحافیوں کو چین کا مشاہدہ کرنے اور اس میں ترقی کا مطالعہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے۔

نوے سے زائد ممالک کے تقریبا ایک سو دس شعبہ صحافت سے وابستہ افراد سی آئی پی سی سی پروگرام کے تحت مارچ دو ہزار چوبیس کے اوائل سے جون دوہزار چوبیس کے آخر تک چین میں رہ کر جدید چائنا کا مشاہدہ کرکے اپنے تجربات اور خیالات کو دنیا تک پہنچا سکیں گے۔

فروری کے آخر سے جون کے آخر تک منعقد ہونے والے پروگرام کے 2024 ایڈیشن میں، 90 سے زیادہ ممالک کے 110 سے زیادہ صحافی حصہ لے رہے ہیں۔

پروگرام کے ہر ایڈیشن میں، دنیا بھر سے صحافی جدید چین سے واقف ہونے اور صحافت کے میدان میں اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ سی آئی پی سی سی نے اس پروگرام میں شرکت کرنے والوں کے لیے رہائش اور ضروری امداد اور مدد فراہم کی ہے۔

پروگرام میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافی جن میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل ہے بیجنگ میں سفارتی رہائش (ڈی آر سی) ڈپلومیٹک ریزیڈنس کمپاونڈ میں رہنے کا بندوبست کیا ہے۔ سی آئی پی سی سی کا عملہ صحافیوں کی چین میں قیام کے دوران انکی ضروریات کو پوری کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

بیجنگ پہنچنے والے صحافیوں کو سی آئی پی سی سی نے ڈی آر سی کی ایک عمارت میں اکٹھا کیا تاکہ موجودہ صحافیوں کو آنے والے پروگرام کے بارے میں بریف کیا جا سکے۔ شرکاء کو پروگرام کا خلاصہ پیش کیا گیا، پروگرام کے پچھلے ایڈیشن کی ویڈیو دکھائی گئی، سی آئی پی سی سی کے ڈائریکٹر اور عملے کے ساتھ ساتھ اس میں شامل رضاکاروں نے اپنا تعارف کرایا اور صحافیوں کو اس بارے میں بریفنگ دی۔

شیڈول کے مطابق، شرکاء کے چین میں قیام کے دوران، سی آئی پی سی سی چین کی سماجی اقتصادی ترقی، سفارت کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور دیگر شعبوں پر لیکچرز کا انعقاد کرے گا، چینی میڈیا میں صحافت اور انٹرنشپ کے بارے میں تربیت کا انتظام کرے گا، میڈیا کوریج کا اہتمام کرے گا۔

چین میں اہم ملکی اور سفارتی تقریبات، سرکاری محکموں، کاروباری اداروں، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ سمپوزیم کا انعقاد اور منتخب صوبوں کے دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔سی آئی پی سی سی کے ڈائریکٹر یو لی نے پریزنٹیشنز کے اختتام پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔

پروگرام میں شریک صحافیوں کو ان کی نسلی اور مماثلتوں کے حوالے سے کچھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے صحافی عمیر رانا جو ہم نیوز سے وابستہ ہیں کو ایشیا پیسیفک گروپ میں رکھا گیا۔

چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر کے چوتھے ایڈیشن میں شریک صحافیوں کا تعلق ایشیا پیسیفک، افریقہ، وسطی اور مشرقی یورپ، یورپ ایشیا، عربی، لاطینی امریکہ اور کیریبین خطے سے ہے۔


متعلقہ خبریں