محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اوربالائی خیبرپختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے چند میدانی اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے اور پنجاب کے بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مری اور گلیات میں بارش اور برفباری متوقع ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مری میں بارش اور برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ملکہ کوہسار مری میں منگل کی رات اور بدھ کے روز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ درمیانی سے تیز بارش اور اس دوران برفباری کا امکان ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت 00سے02اور زیادہ سے زیادہ 07 سے09ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ برفباری کے امکان کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ سیاح مری آنے سے پہلے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، برف باری والی جگہوں پر ٹائر چین لازمی استعمال کریں۔
سیاح ٹریفک کی روانی کے لیے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے مری میں 13 مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
سیاح ایمرجنسی کی صورت میں ایمرجنسی سروس 1122 پر رابطہ کریں۔سیاح ٹورازم کی ہیلپ لائن 1421, یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
