اسلام آباد راولپنڈی سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے جما لئے، سردی میں بھی اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے مغربی بلوچستان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کاامکان ظاہر کیا ہے، پنجگور، کیچ، لسبیلہ، آواران،تربت اورمکران میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے شمالی بلو چستان کے اکثر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی کی بھی پیشگوئی کی ہے، جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور اور پڈعیدن میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواکے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ اور شدید دھند پڑنے کا امکان ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب کے اکثر علاقوں میں موسم شدید سرد، خشک رہا، بعض علاقوں میں دھند چھائی رہی۔
آئندہ 24گھنٹے کے دوران صبح اور رات کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، سرگودھا، بدوملہی، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ چار جنوری سے بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، چار اور پانچ جنوری کو بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔