سعودی عرب کا ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

saudia uae

ریاض: سعودی عرب نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انسانی حقوق کونسل اجلاس جنیوا میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے قابل اعتماد راستے کی تشکیل ضروری ہے اس لیے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ غزہ کی پٹی کی تلخ حقیقت بین الاقوامی سلامتی اور اقوام متحدہ کے اداروں کی ساکھ کو متاثر کرے گی۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی فوری جنگ بندی کے مطالبے کی حمایت کی ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنگ زدہ لوگوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور باوقار زندگی کا حق دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے حالات بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح خلاف ورزیوں اور جینیوا کنونشنز کی خلاف ورزیوں کا کھلا ثبوت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہشمند

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان گذشتہ روز اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے جنیوا پہنچے تھے جہاں انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لیے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں