واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف مسائل کے سفارتی حل کی حمایت کرتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ تمام معاملات پر حکومت پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی منتخب قیادت کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں اور پاکستانی لیڈروں کے انتخاب میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ سابق اراکین افغان پارلیمنٹ کو کرپشن پر نامزد کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں جبکہ سابق اراکین اور ان کے قریبی رشتہ داروں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث افراد سے منسلک 44 کمپنیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔