کراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم آر جے شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
فائراینڈ ریسکیو کمانڈر کے مطابق 12 گاڑیوں، 2 سنارکل اور تقریبا 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
حکام کاکہنا ہے کہ آگ عمارت کے چوتھے فلورپر لگی ہے جو تیزی سے پھیلی اور بالائی منزل پردھواں زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
جاں بحق اورزخمی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، دم گھٹنے سے زخمی ہونیوالے 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے جو ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
جناح ہسپتال حکام کے مطابق 8 میتوں کو جناح ہسپتال جبکہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں پھنسے 46 افراد کو نکال لیا گیا ہے تاہم دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 11افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے درجنوں دکانیں بھی جل گئی ہیں، کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلی سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جسٹس(ر)مقبول باقر نے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلی سندھ نے 11 افراد کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔
جسٹس(ر)مقبول باقر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے فوری اقدامات کیے جائیں اور کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوگوں کی جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔