نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو نگران وزیراعظم کی زیر صدارت 28ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ کوپ 28میں کلائمیٹ فنانس پر بہترین موقف کیلئے ادارے بھرپور تیاری کریں۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور 2دسمبر کو ہائی لیول سیگمینٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے
پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان کے تمام ادارے تباہ کن سیلاب کے بعد بہترین انداز میں تعمیر نو کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔