غزہ میں الشفا اسپتال کے اسرائیلی محاصرے کے باعث طبی سہولیات نہ ہونے سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تمام مریض شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے کئی روز سے الشفا اسپتال کا گھیراؤ جاری رکھا ہوا ہے، قابض فوج نے الشفا کا ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ تباہ کر دیا، بجلی کے بغیر انکوبیٹرز بچوں کیلئے تابوت بن گئے ، ظالم فوج نے اسپتال میں رکھی لاشیں بھی نکال دیں۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کے مطابق اسپتال میں کوئی آئی سی یو مریض اب زندہ نہیں رہا، الشفا میں رات گئے کم از کم 22 فلسطینی جبکہ 3 دن میں 55 افراد شہید ہو چکے ہیں۔
ٹینکوں کا محاصرہ، ڈرونز کی پرواز، بجلی پانی بند، غزہ کے اسپتال جیل کا منظر پیش کرنے لگے
اس سے قبل انتظامیہ نے کہا کہ الشفا اسپتال میں ہر ایک منٹ میں ایک فلسطینی شہید ہو رہا ہے، نومولود اور شیرخوار بچوں سمیت بوڑھے اور ہر مریض موت کے قریب ہے اور اسرائیلی محاصرے کے باعث الشفا اسپتال زندہ لوگوں کیلیے کھلا قبرستان بن ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ الشفا اسپتال میں 7000 افراد محصور ہیں، محصور فلسطینیوں کے پاس نہ پانی ہے، نہ بجلی اور نہ ہی دیگر ضروریات زندگی میسر ہیں۔