الیکشن کمیشن نے انتخابی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع کردی


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج سے شروع کردی ہے۔

کاغذات کی جانچ پڑتال متعلقہ حلقے کے ریٹرننگ افسران کریں گے اور یہ عمل 19 جون تک جاری رہے گا۔ اقلیتی اور خواتین کی مخصوص  نشستوں کے لیے امیدواروں کی اسکروٹنی بھی آج سے شروع ہوگی۔

انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ آٹھ جون مقرر کی گئی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے اس میں تین دن یعنی گیارہ جون تک کی توسیع کردی ہے۔

انتخابی کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی اوران اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ ابتدائی  فہرست 28 جون کو آویزاں کی جائے گی۔

امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مجاز ہوں گے۔  الیکشن کمیشن انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو جاری کرے گا۔ ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لیے باقاعدہ سیل قائم کیے گئے ہیں۔ قائم کردہ سیل میں چاروں صوبوں کے لیے الگ الگ ڈیسکس بنائے گئے ہیں۔

اسکروٹنی کے عمل کو صاف و شفاف بنانے کے لیے ہرسیل میں ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کےنمائندے تعینات کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں