سابق ایم پی اے فضل الہٰی نے پی ٹی آئی امیدوار پر سنگین الزام لگادیا


پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی نے اپنی ہی پارٹی کے ایک انتخابی امیدوارپرڈرگ ڈیلرز کے ساتھ وابستگی کا سنگین الزام عائد کردیا۔

ہم نیوز کے رپورٹر ذیشان انورکے مطابق فضل الہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور کے حلقہ پی کے – 79 پر پاکستان تحریک انصاف نے منشیات کا کاروبار کرنے والے شخص کو انتخابی ٹکٹ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مقامی رہنما فضل الہٰی نے کہا کہ وہ جلد ہی تمام ثبوت پارٹی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر پارٹی کے اندراورباہر دونوں اطراف سے تنقید ہورہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسی تنقید کو دیکھ کر پارٹی کارکنان سے کہا ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور شکایات سے انہیں آگاہ کریں جس کا وہ بذات خود جائزہ لے کر ازالہ کریں گے۔

پشاور ہی سے اچھی خبریہ سامنے آئی ہے کہ پہلی بار اقلیتی برادری سے تعلق والے ایک سکھ رہنما نے بھی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ اس انتخابی امیدوار کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اقلیتوں کو درپیش مسائل حل کرانا چاہتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکوت پشاور سے آئندہ عام  انتخابات میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 297 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

پشاور سے آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی پانچ اورصوبائی اسمبلی کی 14 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں