نئی دہلی میں حضرت نظام الدین اولیاؒ کے 720 ویں سالانہ عرس مبارک میں پاکستانی زائرین کے 94 رکنی وفد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور اعزاز خان نے سلسلہ چشتیہ کے 14 ویں صدی کے عظیم صوفی بزرگ کی درگاہ پر حاضری دی۔
ناظم الامور اعزاز خان نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مزار پر روایتی چادر چڑھائی۔ناظم الامور اور زائرین نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے معزز ارکان نے درگاہ آمد پر ناظم الامور اور پاکستانی زائرین کا استقبال کیا۔سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے ناظم الامور اعزاز خان کی دستار بندی کی۔
زائرین نے درگاہ کے اسی احاطے میں موجود حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر بھی حاضری دی ،بعد ازاں زائرین کے نمائندوں نے ہائی کمیشن میں ناظم الامور سے الگ ملاقات کی اور دورہ میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا
پاکستانی زائرین سالانہ عرس مبارک میں شرکت کے لئے 31 اکتوبر سے 8 نومبر 2023ءتک نئی دہلی کے دورہ پر ہیں۔
زائرین مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق 1974ءکے پاکستان انڈیا پروٹوکول کے تحت حضرت نظام الدین اولیاؒ کے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کر رہے ہیں۔