صدام حسین کی بیٹی کو 7 سال قید


بغداد: عراق کے سابق صدر صدام حسین کی سب سے بڑی بیٹی رغاد کو 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کی فوجداری عدالت میں سابق صدر صدام حسین کی بیٹی کے خلاف اپنے والد کی کالعدم جماعت ’’بعث پارٹی‘‘ کو متحرک کرنے کے الزام پر مقدمے کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ بعث پارٹی کو 2016 میں عرقی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے قانون کے آرٹیکل 9 کے بعد کالعدم قرار دیا گیا تھا جو اداروں، جماعتوں، نسل پرستانہ، دہشت گرد اور تکفیری سرگرمیوں کی ممانعت کا قانون ہے۔

صدام حسین کی بڑی بیٹی رغاد حسین پر الزام تھا کہ انہوں نے 2021 میں میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنے والد کی جماعت بعث پارٹی کے نظریات کو پھیلایا اور ان انٹرویو کی سوشل میڈیا پر بھی تشہیر کی گئی جبکہ بعث پارٹی کو 2003 میں کالعدم قرار دیا جا چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

عدالت نے کہا کہ رغاد حسین نے اس قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ عراق کے سابق صدر صدام حسین کی بڑی بیٹی رغاد حسین کو جب سزا سنائی گئی اس وقت وہ عدالت میں موجود نہیں تھیں۔


متعلقہ خبریں