خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم ہو گئیں


پشاور: الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے بعد خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم ہو گئیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2024 کے انتخابات سے قبل آبادی کی بنیاد پر جاری حلقہ بندیوں میں خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع سے قومی اسمبلی کی نشستیں 10 سے کم ہو کر 4 رہ گئیں۔

حلقہ بندیوں کی فہرست کے مطابق باجوڑ سے 2 حلقے تھے این اے 40 اور این اے 41، اب نیا حلقہ این اے 8 ہو گا۔ ضلع خیبر سے این اے 43 اور 44 حلقہ تھے جو اب ایک حلقہ کم کر کے این اے 27 ہو گیا۔

کرم سے بھی ایک حلقہ کم کر دیا گیا، این اے 45 اور 46 کے بعد کرم کا نیا حلقہ این اے 27 ہو گا جبکہ اورکرزئی کا حلقہ این اے 47 ختم کر دیا گیا، ضلع کرم کو ہنگو کے حلقہ این اے 36 کے ساتھ شامل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتوں میں شامل مافیاز کی وجہ سے بحران پیدا ہوئے، سراج الحق

اسی طرح جنوبی وزیرستان کا ایک حلقہ بھی کم کر دیا گیا۔ این اے 49 اور این اے 50 کے بعد اب این اے 42 جنوبی وزیرستان کا نیا حلقہ ہو گا۔

2018 کے انتخابات کے بعد این اے 51 کا حلقہ فرنٹیئر ریجن پر مشتمل تھا، فرنٹیئر ریجن علاقے متعلقہ اضلاع میں شامل ہونے کے باعث 2018 کے برخلاف الگ حلقہ سے محروم ہو گئے اور اب وہ متعلقہ اضلاع کے حصہ کے طور پر ہی انتخابات کا حصہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں