ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں،آرمی چیف سیدعاصم منیر

asim munir

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ پشاور میں خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

جونیئر لیڈرز پاکستان آرمی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، آرمی چیف

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، خواتین اس تبدیلی کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔

اپیکس کمیٹی میں آرمی چیف کو ذخیرہ اندوزی، منشیات اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

جنگی قابلیت پر فخر ، اسلحہ بہترین حالت میں موجود ہے، آئی ایس پی آر

کمیٹی شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، اجلاس کے شرکا نے شہدا کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا،ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک فوج صوبے کی معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھانے میں تعاون جاری رکھے گی، آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔


متعلقہ خبریں