ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، محمد علی درانی کی ملاقاتیں انکا خود ساختہ اقدام ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اسکی مفاہمت ہورہی ہے۔ پی ٹی آئی انتخابات سے قبل یہ تاثر دے کر سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ حلقے یہ بھی تاثر دے رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف نرمی پیدا کی جارہی ہے۔ 9 مئی کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تحریک انصاف کے لوگ ٹکرائو کی سیاست نہیں چاہتے، محمد علی درانی
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ ٹکراؤ کی سیاست نہیں چاہتے بلکہ معاملات کو عدالت میں فیس کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت کے طریقے سے ہی معاملات کو حل کیا جا سکتا ہے، اگر سب پارٹیاں اسی ٹریک پر آجائیں تو یہ ملک کیلئے بہتر ہو گا۔ عوام اس وقت بہت دکھی ہیں۔