پی ڈی ایم حکومت ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول 1 ہزار روپے لیٹر ہوتا ، نواز شریف

nawaz sharif

نوازشریف کی وطن واپسی (ن) لیگ کی حکمت عملی سامنے آگئی


 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا، اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔

پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کوئی زخمی سڑک پر پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں، اس کے پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ تھے، ملک کو اس حال تک پہنچانے والے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔

مزید کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے، ان مجرموں کو چھوڑنا بہت بڑا ظلم ہوگا، یہ لوگ قابلِ معافی نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے درد کی خاطر ہم نےخلوص سے یہ قربانی دی ہے، لکھ کر دیتا ہوں، ان شاءاللّٰہ انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے، میں نے پہلے بھی معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اب بھی اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، اس کا صلہ کامیابیوں کی صورت میں ملےگا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ وقت کس کی رعونت پہ خاک ڈال گیا، یہ کون بول رہا تھا خدا کے لہجے میں، خدا سے ڈرو، آج رعونت والے کہاں ہیں؟ مریم نواز کو گرفتار کرنے آئے تو میں نے مریم سے کہا بیٹا بہادری اور مضبوطی سے جاؤ، اللّٰہ ہمیں سرخرو کرے گا۔


متعلقہ خبریں