ایشیا کپ: بھارت سری لنکا کو 41 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت سری لنکا کو 41 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا۔

بھارت کے 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی طرف سے دونیتھ ویلالاگے ناٹ آؤٹ 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 41 اور چاریتھ اسالنکا نے 22 رنز بنائے جبکہ سدیرا سماراوکراما 17 اور کوشل مینڈس 15 رنز بناسکے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رویندرا جڈیجا اور جسپریت بمرا نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بظاہر درست ثابت نہیں ہوا، بھارتی بیٹرز سری لنکن اسپنرز کے جال میں پھنس گئے، تمام 10 وکٹیں اسپنرز کے نام رہیں۔

سری لنکن اسپنرز نے بھارتی بیٹرز کو قابو کیا،بھارتی ٹیم 50 ویں اوور میں 213 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان روہت شرما 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اوپنر شبمن گل 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی3، کپتان روہت شرما 53 رنز اور کے ایل راہول 39 پر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ ایشان کن 33 رنز بناسکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بیٹر سری لنکن اسپنرز کے سامنے زیادہ رنز نہیں بناسکا۔

47 اوورز کے بعد بارش کے باعث میچ تھوری دیر روکا گیا تاہم کچھ دیر کے بعد کھیل دوبارہ شروع کیا گیا تھا تاہم 49.1 اوورز میں پوری بھارتی ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

ایشیا کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم کے اسپنرز نے مخالف ٹیم کی تمام وکٹیں اُڑائیں۔

سری لنکا کی جانب سے نوجوان اسپنر دونیتھ ویلالاگے نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر اسا لنکا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسپنر مہیش ٹھکشنا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس کے علاوہ یہ پہلا موقع تھا کہ پوری بھارتی ٹیم ون ڈے میچ میں اسپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئی۔

ایشیا کپ، فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستانی ٹیم اگر مگر کی صورتحال سے دوچار

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے اس موقع پر کہا کہ ‘ہم بھی اس پِچ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اب سینئر بن چکے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کے خلاف اگر سری لنکا آج فتح حاصل کرلیتا ہے اور اگر بھارت بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو پھر بھی پاکستان سری لنکا کے خلاف اپنا میچ جیتنے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں