راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ملک کے لیے جان دینے والے بلاشبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے 58ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سروسز چیفس اور مسلح افواج نے بھی میجر عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میجر عزیز بھٹی 1965 کی جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور دفاع وطن کی خاطر جان قربان کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: وزارتیں صوبوں کو دی جائیں تو اربوں روپے بچا سکتے ہیں، بلاول بھٹو
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عزیز بھٹی شہید کی قائدانہ صلاحیت اور بے مثال بہادری مشعل راہ ہے، انہوں نے ازلی دشمن بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ثابت کر دیا کہ بہادر سپاہی مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتا۔
میجر عزیز بھٹی شہید کا یوم شہادت وطن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے اور ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والے بلاشبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔