پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج کا عزم


صدر مملکت، نگران وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے 58ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو حق و باطل کے معرکے نے یہ ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کر نے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ اس روز مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے،ہم بطور قوم اُن تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے،سروسز چیفس نے کہا کہ انشاء اللہ، پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے صدرپاکستان عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔

نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج پاکستان کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور بیرونی جارحیت جیسے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، محنت اور لگن سے ہر طرح کے سکیورٹی اور معاشی چیلنجوں سے پاکستان کی حفاظت کریں گے۔


متعلقہ خبریں